i بین اقوامی

بھارت، تیسرا بچہ پیدا کرنے پر خواتین کو 50 ہزار روپے، لڑکا پیدا ہوا تو گائے بھی انعام میں دینے کا اعلانتازترین

March 12, 2025

دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے ملک بھارت کی ایک ریاست میں خواتین کو تیسرا بچہ پیدا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں خصوصی انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو کی طرف سے زیادہ بچوں کی پیدائش پر مراعات دینے کی حمایت کے بعد، تیلگو دیشم پارٹی ( ٹی ڈی پی)کے ایم پی کالیستی اپالا نائیڈو نے اعلان کیا ہے کہ جو خواتین تیسرے بچے کو جنم دیں گی انہیں 50 ہزار روپے انعام میں دیے جائیں گے۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگر خاتون کے ہاں تیسری اولاد بیٹا ہوئی تو اسے ایک گائے بھی انعام میں دی جائے گی۔ یہ نقدی رقم وہ اپنی تنخواہ سے ادا کریں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایم پی کالیستی نے یہ اعلان عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

تیلگو دیشم پارٹی کے ایم پی کا یہ اعلان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہے ۔ ٹی ڈی پی کے رہنمائوں کے مطابق خواتین اس پیشکش کو ایک انقلابی اقدام کے طور پر سراہ رہی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نئی دہلی کے دورے کے دوران آندھرا پردیش کے وزیر اعلی نے جنوبی بھارت میں گرتی ہوئی آبادی پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ بوڑھی ہوتی آبادی چیلنجز پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے آبادی پر قابو پانے کے بجائے زیادہ بچے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو کا کہنا تھا کہ میں پہلے خاندانی منصوبہ بندی کی حمایت کرتا تھا، لیکن اب میں اپنی رائے تبدیل کر رہا ہوں اور آبادی میں اضافے کی وکالت کر رہا ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی