بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھیڑیوں کے حملے میں ایک کمسن بچی ہلاک اور 3افراد زخمی ہوگئے،بھارتی میڈیا کے مطابق بھیڑیوں کے تازہ حملے میں لوگوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع بھریچ میں پیش آیا جہاں ایک 2سالہ بچی ہلاک اور 3افراد زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق بھیڑیوں کے حملے میں ہلاک بچی کا نام انجلی ہے جس کی والدہ نے بتایا کہ بچی کی ہلاکت کا واقعہ پیر کی صبح 4بجے پیش آیا۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہلاک بچی کی والدہ نے کہا کہ اپنے 6ماہ کے بچے کے رونے پر میری آنکھ کھلی تو مجھے پتا چلا کہ بھیڑیا میری بیٹی کو لے گیا ہے، اس کے دونوں ہاتھوں پر کاٹنے کے نشان تھے، ہم غریب لوگ ہیں جو مزدوری کرتے ہیں اور ہمارے گھر کا دروازہ نہیں ہے۔ بھیڑیے کے حملے سے متاثرہ ایک اور خاتون نے بتایا کہ رات 11بج کر 30منٹ پر جب وہ اپنے گھر کے بیت الخلا سے واپس آرہی تھی تو بھڑیے نے اس پر حملہ کیا اور اسے زخمی کردیا۔ ریاست اتر پردیش کے ضلع بھریچ میں یہ بھیڑیوں کے حملے کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ گزشتہ چند ماہ میں ایسے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی