i بین اقوامی

بھارت میں غیر معمولی بارشوں نے تباہی مچادی، 44 افراد ہلاکتازترین

July 11, 2023

بھارت میں موسلادھار بارشوں اور منہ زور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، سڑکیں تباہ اور پل بہہ گئے، 44 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ شمال مغربی ریاستیں مفلوج ہوکر رہ گئیں، مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے سیاح پھنس گئے، ریلیف اور ریسکیو کاموں کیلئے فوج طلب کرلی گئی۔ بھارت میں مون سون کی دھواں دھار انٹری، بارشوں کی جھڑی لگ گئی، زبردست اسپیل نے جل تھل ایک کردیا، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، اترپردیش، پنجاب، ہریانہ، راجستھان میں سیلاب اور تودے گرنے سے متعدد افراد ہلاک ہوچکے۔ دارالحکومت دہلی میں بارش نے 41 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، گھٹنوں گھٹنوں پانی بھر گیا، تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے، ٹرینیں منسوخ کردی گئیں، انڈیا گیٹ کے سامنے بڑا گڑھا پڑگیا۔ رپورٹ کے مطابق دریائے جمنا میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، کسی وقت بھی بپھر جائے گا، لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہماچل پردیش سب سے زیادہ متاثر ہے، ایک ماہ کی بارش ایک روز میں برس گئی، 700 سے زیادہ سڑکیں بلاک ہوئیں، کئی پل اور مکانات ریلوں میں بہہ گئے، 500 افراد پھنس گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کیلئے ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کردیا۔ حکام کے مطابق اب تک 4 ہزار کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔ اتراکھنڈ میں اورنج الرٹ جاری ہے، آج مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ بھارتی ریاستوں گجرات، راجستھان، مہاراشٹر، ہریانہ اور گووا میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دو ہفتوں کے دوران بارشوں کے باعث 72 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی