اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کی جانب سے عدالتی اصلاحات کے تنازع پر وزیرِ دفاع کو برطرف کرنے کے اقدام کے بعد نیتن یاہو کے خلاف ملک گیر مظاہروں میں شدت آ گئی،غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے عدالتی اصلاحات روکنے کے مطالبے پر وزیرِ دفاع یواف گیلنٹ کو برطرف کیا ہے، یواف گیلنٹ نے عدالتی نظام کو تبدیل کرنے کے متنازع منصوبے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا،نیتن یاہوحکومت کے عدلیہ کے اختیارات کو محدود کرنے کے منصوبے کی وجہ سے گزشتہ دوایک ماہ سے عوامی احتجاج جاری ہے ، گیلنٹ نے اس منصوبہ کو صہیونی ریاست کی سلامتی کے لیے فوری اور ٹھوس خطرہ قرار دیا تھا،میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ دفاع کی برطرفی کے بعد پہلے سے اسرائیل میں جاری احتجاج میں مزید شدت آ گئی ہے، اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کی برطرفی کے بعد ہزاروں افراد نے وسطی تل ابیب کی کپلان سٹریٹ پر مظاہرہ کیا، یہ مقام جنوری سے عدالتی ترامیم کے خلاف مظاہروں کا مرکز ہے، مظاہروں مین شدت آنے کے بعد فوج نے ہائی الرٹ کر دیا ہے، دوسری طرف اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی حکومت سے مطالبہ کردیا کہ عدالتی اصلاحات کے نام پر متنازع قانونی ترامیم کو روک دیا جائے،اسرائیل میں یونیورسٹیوں، ہائی سکولوں اور مڈل سکولوں کی طلبہ یونیز، ٹریڈ یونیز ، ڈاکٹرز نے بھی ہڑتال میں شریک ہونے کا اعلان کیا ہے،پیر کو عدالتی اصلاحات کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا،یاد رہے نیتن یاھو کی سربراہی میں انتہائی دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت عدالتی اصلاحات کے منصوبے کے تحت سپریم کورٹ کے اختیارات سے متعلق قانون میں ترمیم کرنا چاہتی ہے،اسرائیلی آرمی کمانڈ نے اس برطرفی کے طول و عرض اور اثرات پر تبادلہ خیال کیا جس نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں غم و غصے کو بڑھا دیا ہے، وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے بحران پر تبادلہ خیال کے لیے صبح میں توسیعی ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے۔ ان کی اسرائیلی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات بھی متوقع ہے تاکہ عدالتی قانون کی ترامیم کے حوالے سے کسی حل تک پہنچنے کے لیے اگلے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے،عالمی میڈیا کے مطابق یہ پیش رفت اور سکیورٹی الرٹ اس وقت سامنے آیا جب اتوار کی رات ہزاروں مظاہرین تل ابیب کی سڑکوں پر نکل آئے اور ہائی وے کو بند کر دیا۔ مظاہرین نے نیلے اور سفید جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے، نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین "بی بی، چھوڑ دو!" کا واشگاف نعرے لگا رہے۔ بی بی نیتن یاھو کا عرفی نام ہے، مظاہرین عدالتی ترامیم کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے،القدس میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے سامنے اور حیفااور بئر السبع میں بڑے مظاہرے ہوئے ،دوسری جانب وائٹ ہائوس نے اسرائیل میں جاری سیاسی بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اسرائیل کے برطرف وزیر دفاع گیلنٹ نے کہا ہے کہ اسرائیلی معاشرے میں گہری دراڑ ملک کے دشمنوں کو ملک کی سلامتی اور فوج کے خلاف کارروائی کرنے پر آمادہ کر سکتی ہے، اسرائیلی خارجہ امور اور سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں گیلنٹ نے کہا کہ اسرائیل کی بین الاقوامی حیثیت دائو پر لگی ہوئی ہے،اسرائیل میں بڑے مظاہروں کے باوجود کنیسٹ آئینی کمیٹی نے دوسری اور تیسری ریڈنگ میں عدالتی ترامیم کی منظوری کا اعلان کیا ہے،احتجاجی رہنمائوں نے کہا ہے کہ وہ اس قانون سازی کو نہ صرف معطل کریں گے بلکہ اسے ختم کر دیں گے،دوسری طرف انتہائی دائیں بازو کی حکومت کے داخلی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے قانون کی منظوری کا مطالبہ کردیا ، انہوں نے کہا کہ قانونی ترمیم کے قانون کو واپس لینا افراتفری کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہوگا، انہوں نے قانونی کی منظوری نہ ہونے پر حکومت کو تحلیل کرنے کی دھمکی بھی دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی