اسرائیل کے ایک شاپنگ مال میں چاقو حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ۔ اسرائیلی پولیس اور طبی عملے کے مطابق حملہ آور کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق یروشلم کے ایک مال میں ایک حملہ آور نے چاقو سے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا جبکہ اسی حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ ایک دہشت گردانہ حملہ تھا۔طبی ماہرین کے مطابق ہسپتال منتقل کیے جانے والے دو زخمیوں میں سے ایک راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کو موقع پر ہی گولی مار دی گئی تھی۔ اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے دونوں افراد کی عمریں 20 اور 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ اس حملے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، جس میں شاپنگ مال کے فرش پر دو آدمیوں کو بے حرکت پڑے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور آس پاس موجود لوگ انہیں فوری طبی امداد دینے کی کوشش میں تھے۔فوری طور پر کسی نے بھی اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی