اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فضائی بمباری کرتے ہوئے حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف کو شہید کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بیروت میں راس البنع پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے اعلی میڈیا ریلیشنز افسر محمد عفیف جام شہادت نوش کرگئے۔عرب میڈیا کے مطابق محمد عفیف کو 1980 کی دہائی کے اوائل میں حزب اللہ کے قیام کے بعد سے اس کی صفوں میں ایک نمایاں شخصیت سمجھا جاتا ہے۔میڈیا میں "الحاج محمد عفیف" کے نام سے معروف اس شخص نے ان بحرانوں سے نمٹنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا جن سے یہ تنظیم گزشتہ برسوں کے دوران اپنے مرکزی عہدیدار کے طور پر گذری۔وہ لبنانی انتخابات میں حزب اللہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سیاسی سطح پر بھی سرگرم تھے اور ان کی قیادت میں حزب اللہ نے لبنانی پارلیمنٹ میں نشستیں حاصل کیں۔اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے آغاز کے بعد سے محمد عفیف تنظیم کے میڈیا ترجمان کے طور پرسامنے آئے ، انہوں نے ہمیشہ بیروت کے جنوبی مضافات کے مرکز سے اور اسرائیلی بمباری متاثرہ علاقوں میں براہ راست پریس کانفرنسز کی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وہ نہ صرف حزب اللہ کے میڈیا پیغام کو مثر طریقے سے پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے تھے بلکہ وہ سابق حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کے میڈیا امور کے مشیر بھی رہ چکے تھے۔محمد عفیف اکثر جنوبی بیروت کے علاقے میں صحافیوں کو دورے کروانے اور حزب اللہ کے پیغام کو عالمی میڈیا تک پہنچانے میں سرگرم رہتے تھے، حسن نصراللہ کے انٹرویوز یا حزب اللہ کی دیگر اہم خبریں عموما انہی کی وساطت سے پہنچتی تھیں۔
ماضی میں وہ عرب ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے اور انہیں لبنان میں صحافیوں کے حلقے میں ایک معتبر اور جانی پہچانی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔دوسری جانب غزہ پر مسلسل اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے ، مواصی کے علاقے پر بمباری کے نتیجے میں مزید پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح سے اب تک غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کی تعداد 111 تک پہنچ گئی ہے، ان میں 70 کے قریب افراد غزہ پٹی کے شمال میں شہید ہوئے۔اسی طرح اسرائیلی بم باری میں بیت لاحیہ، النصیرات اور البریج میں بھی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب غزہ میں وزارت صحت کے دفتر نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کو اس بات کا علم تھا کہ ان گھروں اور رہائشی عمارتوں میں درجنوں بے گھر شہری موجود ہیں جن میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے، اسرائیلی طیاروں نے ان پر ٹنوں میزائل داغے۔واضح رہے کہ 7اکتوبر سے شہدا کی مجموعی تعداد 43 ہزار 846 ہوگئی ، ایک لاکھ 3 ہزار 740 زخمی ہو چکے ہیں۔شمالی غزہ میں القسام بریگیڈزکے مجاہدین کی اسرائیلی فوج سے جھڑپوں میں ایک اسرائیلی کیپٹن ہلاک ،متعدد فوجی زخمی ہوگئے، القسام بریگیڈ نے متعدد صیہونی گاڑیاں اور ٹینک بھی تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ادھر یمنی حوثیوں نے بھی اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا ہے جس میں بڑے پیمانے پر نقصان کااندیشہ ہے تاہم اسرائیلی فوج نقصان چھپانیمیں مصروف ہے ۔اسرائیل گزشتہ ماہ کی پانچ تاریخ سے غزہ کی پٹی کے شمال میں فوجی آپریشن کر رہا ہے، اس کا مقصد شدید بمباری کے درمیان وسیع پیمانے پر علاقوں کو خالی کرانا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی