اسرائیل نے حماس کے ساتھ غزہ میں عارضی جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد ایک روز کیلئے موخر کردیا،اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس سے کیے گئے 4روزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت جمعرات سے فلسطینی اور اسرائیلی یرغمالیوں کا تبادلہ ہونا تھا تاہم اسرائیل نے معاہدے پر عمل درآمد جمعہ تک موخر کردیا ہے،اسرائیل کی قومی سلامتی کے مشیر زاچی ہنیگبی نے بیان میں کہا کہ غزہ میں یرغمال بنائے گئے کسی بھی شخص کو جمعہ سے پہلے رہا نہیں کیا جائے گا،اسرائیلی اخبار کا دعوی ہے کہ حماس کی جانب سے اب تک ان قیدیوں کی فہرست مہیا نہیں کی گئی جنہیں رہا کیا جانا ہے۔ قیدیوں کی رہائی کا حتمی معاہدہ ہونے تک سیز فائر نہیں ہوگا،حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل 150فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا جبکہ حماس کی جانب سے 50یرغمالی خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں غزہ کیلئے انسانی امداد اور ایندھن کی فراہمی کا شرط بھی شامل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی