i بین اقوامی

اسرائیل کی غزہ میں بمباریتازترین

February 02, 2023

اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے جمعرات کے روز غزہ پٹی میں ساحلی علاقوں سے داغے گئے راکٹوں کے جواب میں عسکریت پسند گروہوں کی تنصیبات پر فضائی حملے کئے۔عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کے ڈرونز اور لڑاکا طیاروں کو فضا میں دیکھا گیا جس کے بعد وسطی غزہ کی پٹی میں متعدد دھماکے ہوئے۔ اس کے علاوہ غزہ میں عسکریت پسند گروہوں کی ایک فوجی چوکی پر 14 سے زائد میزائل داغے گئے۔فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق ان حملوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ حملوں میں بنیادی طور پر اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) اور فلسطینی اسلامی جہاد کی چوکیوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فضائی حملے جنوبی اسرائیل پر 2 راکٹ داغے جانے کے ردعمل میں کئے گئے۔ ابھی تک کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔فلسطینی گروہوں کے ذرائع کے مطابق راکٹ حملے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے جواب میں کئے گئے۔حماس سیکیورٹی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران حماس کے زیر انتظام ساحلی علاقے میں عسکریت پسندوں نے جنوبی اسرائیلی آبادیوں پر کم از کم 8 راکٹ داغے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں کو طیارہ شکن میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔جنوری کے شروع سے اسرائیل ۔ فلسطین کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے تقریبا 35 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی