اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ اور لبنان کے مختلف علاقوں میں بدترین بمباری جاری ہے، غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 24 فلسطینی شہید اور 112 زخمی ہو گئے جبکہ بیروت کے جنوبی مضافات میں گولہ باری سے مزید 78 لبنانی شہید اور 122 سے زائد زخمی ہوگئے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 24 فلسطینی شہید اور 112 زخمی ہوئے ہیں۔غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 43 ہزار 736 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر لبنان کی وزارت صحت کے مطابق نباتیہ میں شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے میں چار پیرامیڈکس سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ بعلبیک شہر کے قریب ایک اور شہری دفاع کے مرکز پر ہونے والے دوسرے حملے میں 12 امدادی کارکن مارے گئے۔ دوسری جانب لبنان نے جنگ بندی کی امریکی تجویز ناقابل قبول قرار دے دی، لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بیری کا کہنا ہے کہ لبنان میں اگرکسی فوج کی تعیناتی یا اسرائیلی فوج کی نقل و حرکت کی تجویز آئی تو قابل قبول نہیں ہو گی۔امریکی سفیر نے لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بیری کو جنگ بندی کی تجویز کا مسودہ پیش کیا تھا۔ ادھر ایرانی سپریم لیڈر کے خصوصی ایلچی علی لاریجانی نے دورہ لبنان کیا۔لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کی اور کہا ایران جنگ بندی کے لیے لبنان کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، جنگ بندی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد سترہ سو ایک کی بنیاد ہونی چاہیے۔لبنانی حکام کا کہنا ہے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کی امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکی تجاویز میں ساٹھ روز کی جنگ بندی شامل ہے، اسرائیل نے جواب نہیں دیا۔دوسری جانب یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ جازب نے اعلان کیا کہ یورپی یونین جلد اسرائیل سے سیاسی مذاکرات معطل کرنے پر غور کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی