i بین اقوامی

اسرائیل کی بیرون ملک اپنے شہریوں کو ایران کے ممکنہ حملوں کی وارننگتازترین

September 20, 2022

اسرائیل نے ایران کے اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے منصوبوں کی وجہ سے اپنے شہریوں کو بیرون ملک سفر کرنے سے خبردار کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی قومی سلامتی ایجنسی نے کہا ہے ایران دنیا میں اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔یروشلم پوسٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر میں انسداد دہشت گردی کے ڈویژن نے آنے والے یہودی تعطیلات کے موقع پر بیرون ملک سفر کرنے والے اپنے شہریوں کو ایران یا داعش کی طرف سے ان کے خلاف ممکنہ دہشت گرد حملوں سے متعلق انتباہ جاری کیا ہے۔حالیہ برسوں میں ڈویژن نے تنظیم اور دہشت گرد گروہوں سے ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے لیکن اس بار انہوں نے خاص طور پر ایران کی طرف سے ترکی کا دورہ کرنے والے اسرائیلیوں کو مارنے کی حالیہ ٹھوس کوششوں کا حوالہ دیا۔اخبار کے مطابق موساد کی براہ راست مداخلت کے بعد خیال کیا جاتا ہے کہ کچھ اسرائیلیوں کو ان ایرانی دہشت گرد سیلوں کے ہاتھوں مارے جانے سے چند منٹ قبل بچا لیا گیا جو آپریشن شروع کرنے والے تھے۔انسداد دہشت گردی ڈویژن کے مطابق حالیہ برسوں میں ایرانیوں اور ان کے پراکسیوں نے اسرائیلیوں کے خلاف کام کرنے کے مقصد سے بیرون ملک اپنی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔ اندازہ ہے کہ مستقبل قریب میں ایران اسرائیلی اہداف کے خلاف حملوں کو آگے بڑھانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔بیان میں ایران کے علاوہ انتباہ کیا گیا کہ داعش کے ساتھ ساتھ دیگر دہشت گرد گروپ بھی سفر کرنے والے اسرائیلیوں کے خلاف دہشت گردانہ حملے کر سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی