گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں 81لبنانی شہری شہید ،223زخمی ہوگئے،جس سے شہادتوں کی مجموعی تعداد 700سے تجاوز کرگئی جن میں حزب اللہ کے اہم ترین کمانڈرز بھی شامل ہیں، لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 2ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں ، اسرائیلی آرمی چیف نے لبنان پر زمینی حملوں کی بھی دھمکی دیدی، 5لاکھ شہری جنوبی لبنان سے انخلا پر مجبور ہوگئے۔عالمیمیڈیا کے مطابق عالمی برادری کے جنگ بندی کے مطالبات کے باوجود اسرائیلی فضائیہ نے لبنان پر مسلسل چوتھے دن بمباری جاری رکھی،اسرائیلی فضائیہ کی تازہ کارروائی وزیراعظم نیتن یاہو کے اس بیان کے بعد ہوئی جس میں انھوں نے جنگ بندی کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پوری قوت اور طاقت کے ساتھ حزب اللہ اور حماس کے خاتمے اور اپنے یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ جاری رکھیں گے،ادھر لبنانی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے تازہ حملوں میں مشرقی سرحد کے ساتھ واقع وادی بیکا کے قصبے کو نشانہ بنایا جہاں اکثریت شامیوں کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی