i بین اقوامی

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا اعلان جلد متوقع،حتمی فیصلے کیلئے مسودہ حماس، اسرائیل کے حوالے کر دیا گیاتازترین

January 14, 2025

غزہ جنگ بندی مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا اعلان جلد متوقع ہے جبکہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے ہی غزہ جنگ بندی معاہدہ ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کا حتمی مسودہ حماس اور اسرائیل کے حوالے کردیا گیا ہے،فریقین جلد معاہدے کا اعلان کریں گے ۔مذاکرات کے باوجود غزہ میں اسرائیلی سفاکیت بدستور جاری ہے، صیہونی فوج کے حملوں میں 45 فلسطینی شہید ہوگئے،شہدا کی مجموعی تعداد 46 ہزار 584 ہوگئی۔صیہونی فوج کو بھی بڑا جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ القسام بریگیڈ کے ساتھ جھڑپ میں پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ,یمن سے حوثیوں نے ایک بار پھر تل ابیب پر میزائل فائر کیا۔ اسرائیلی دارالحکومت میں سائرن بج اٹھے۔ادھر نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے ہی غزہ جنگ بندی معاہدہ ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ جنگ بندی ڈیل بہت قریب ہے اور ممکنہ طور پر اس ہفتے کے آخر میں یہ مکمل ہوجائے گی۔ٹرمپ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں یہ کرنا ہے اور اگر وہ یہ نہیں کرپاتے تو وہاں بڑی پریشانی ہوگی، جیسی انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔ نومنتخب صدر نے معاہدے سے متعلق کہا کہ میں سمجھتا ہوں ایک مصافحہ ہوا ہے، وہ اسے ختم کررہے ہیں اور شاید یہ اس ہفتے کے آخر تک ہوجائے۔ واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے لیے کوششیں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور مختلف ذرائع سے آنے والی خبروں کے مطابق قطر اور دیگر ممالک کے حکام نے جنگ بندی معاہدے کا حتمی مسودہ اسرائیلی حکام اور حماس کو بھیج دیا ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی