اسپین اور سوئٹزرلینڈ نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے اپنے شہریوں سے فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی اپیل کی ہے، لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد اسپین کی وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم کسی بھی شرط میں ہسپانوی شہریوں کو لبنان کی سیاحت کا مشورہ نہیں دیتے۔ اس وقت لبنان میں موجود ہسپانوی شہریوں کو بھی ہمارا مشورہ ہے کہ دستیاب رسل و رسائل کے ذریعے فوری طور پر لبنان چھوڑ کر وطن واپس آ جائیں۔دوسری طرف اسپین کی وزیر دفاع مارگریٹا روبلز نے ملکی ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملے تشویشناک ہیںلیکن ہر چیز کے باوجود لبنان میں ڈیوٹی پر موجود ہسپانوی فوجیوں کے حوصلے بلند ہیں۔سوٹزر لینڈ نے بھی اپنے شہریوں سے لبنان چھوڑنے کی اپیل کی ہے۔سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں لبنان کی صورتحال کو غیر یقینی اور خطرناک قرار دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے، ادھر آذربائیجان کی 'آذال' ایئر لائن نے بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر باکو۔ تل ابیب پروازیں بند کر دی ہیں،واضح رہے کہ اسرائیلی فوج گزشتہ دو روز کے دوران لبنان میں 1100اہداف پر فضائی حملے کر چکی ہے۔ حملوں میں 35بچوں سمیت 500سے زائد افراد جاں بحق اور 1800 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں،اردن نے بھی اپنے شہریوں سے لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی