i بین اقوامی

اسماعیل ہانیہ کا قتل اسرائیل کی بڑی غلطی، جواب دیا جائے گا، ایرانتازترین

August 05, 2024

ایران کے صدر مسعود پزیشکیان کاکہنا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کا قتل اسرائیل کی بڑی غلطی ہے، جواب دیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے دورہ تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اردنی وزیرخارجہ نے تہران میں ایرانی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد علاقے میں سنگین کشیدگی پر مشاورت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے بات چیت شروع کرنی ہے، اردن نے ہمیشہ فلسطینی کاز اور فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا۔ اردنی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کی، اسرائیل کے ان تمام اقدامات کو مسترد کیا جو سلامتی، استحکام اور امن کو روکتے ہیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اردن کے وزیرِ خارجہ ایمن الصفدی اتوار کو ایران کا ایک غیر معمولی دورہ کر رہے ہیں ، کسی بھی اردنی وزیر خارجہ کا 20 سال میں ایران کا یہ پہلا دورہ ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے ایران اور حزب اللہ کو دھمکی دی ہے کہ اگر ایران میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کے جواب میں اور اس سے پہلے حزب اللہ کے رہنما فواد شکر کی لبنان کی جنوبی علاقے میں ہلاکت کے جواب میں حملہ کیا گیا تو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی