i بین اقوامی

اسد کی معزولی، دمشق کی حلیف حزب اللہ کے حوالے سے کھیل ختم ہو چکا ، ہتھیار فوج کے حوالے کردے،لبنانی فورسز پارٹی سربراہ سمیر جعجعتازترین

December 09, 2024

لبنان میں سب سے بڑی مسیحی سیاسی جماعت "لبنان فورسز پارٹی" کے سربراہ سمیر جعجع کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک شام میں صدر بشار الاسد کی معزولی کا مطلب ہے کہ دمشق کی حلیف "حزب اللہ" تنظیم کے حوالے سے کھیل ختم ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں جعجع نے شیعہ لبنانی تنظیم پر زور دیا کہ وہ اپنے ہتھیار لبنانی فوج کے حوالے کر دے۔ شامی اپوزیشن کے ہاتھوں آل الاسد خاندان کی پانچ دہائیوں سے زیادہ جاری رہنے والی حکمرانی بھی اختتام کو پہنچی۔ انھوں نے حزب اللہ کے ذمے داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ لوگوں کے حمایتی ماحول کو اس وقت ایک عملی ریاستی کی شدید ضرورت ہے، تعمیر نو کی ضرورت ہے"۔سمیر جعجع نے حزب اللہ پر زور دیا کہ وہ لبنانی فوج کے ساتھ بیٹھے اور اپنے عسکری ڈھانچے کو مکمل طور پر تحلیل کرنے کے لیے نظام الاوقات وضع کرے ... اور ایک سیاسی جماعت کی صورت اختیار کرے تا کہ وہ اور ہم دیگر لبنانی فریقوں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھ سکیں۔سمیر جعجع لبنان پر شامی غلبے کی شدید مخالفت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ سال 1975 سے 1990 تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے دوران میں وہ کسی بھی ملیشیا کے واحد کمانڈر تھے جنھوں نے لبنان پر شام کے قبضے کے عرصے میں 11 برس جیل میں گزارے۔ یہ قبضہ 29 برس جاری رہا۔لبنان میں مسیحی اور سنی مسلمانوں کی اکثریت والے علاقوں میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے پر لوگوں کو خوشیاں مناتے دیکھا گیا۔لبنان کے اندرون اور بیرون حزب اللہ تنظیم کے مخالفین نے باور کرایا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگ اور بشار حکومت کے خاتمے نے ایران نواز حزب اللہ کو کمزور کرنے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی