ہانگ کانگ میں قونصلر کور اور کاروباری برادری کا ایک وفد ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے سے چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہو گیا جہاں وفد دونوں متحرک برآمدی مراکز کے مابین وسیع تر ہم آہنگی کا جائزہ لے گا۔ روانگی سے قبل ہانگ کانگ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے میں وزارت خارجہ کے کمشنر آفس کے ڈپٹی کمشنراور تقریب کے منتظم لی یونگ شینگ نے خطاب کیا۔ لی نے کہا کہ ہانگ کانگ، ہائی نان آزاد تجارتی بندر گاہ اور گوانگ ڈونگ-ہانگ کانگ-مکا گریٹر بے ایریا کے درمیان ہم آہنگی اور مربوط ترقی کو مضبوط بنانے میں بڑا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔امید ہے کہ اس نتیجہ خیز دورے کے ذریعے وفد کے ارکان کو ہائی نان آزاد تجارتی بندر گاہ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اس ہم آہنگی میں ہانگ کانگ کے کردار کی گہری تفہیم حاصل ہوگی۔ ہانگ کانگ میں نیوزی لینڈ چیمبر آف کامرس کے چیئرمین ڈیوڈ وٹوام نے شنہوا کو بتایا کہ نیوزی لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان قریبی تجارتی تعلقات ہیں اور ہانگ کانگ کی مارکیٹ میں نیوزی لینڈ کی زرعی پیداوار اور مشروبات بشمول ڈیری مصنوعات کی بہت مانگ ہے۔ وفد پیر سے جمعہ تک ہائی نان کے چند شہروں کا دورہ کرے گا جن میں ہائیکو، وین چھانگ، چھیونگ ہائی، ڈان ژاو، چھانگ جیانگ اور سانیا شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی