یوکرائن سے اناج کی برآمد کیلئے 12 بحری جہازوں کو یوکرائن کی بندرگاہوں سے روانہ ہونے کی اجازت مل گئی ہے۔جوائنٹ کوآرڈینیشن سینٹر فار دی بلیک سی انیشیٹیو میں اقوام متحدہ کے عبوری کوآرڈنیٹرفریڈرک کینی نے ترکی کے استنبول سے ویڈیو لنک کے ذریعے نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ پریس بریفنگ میں بتایاکہ ان بحری جہازوں پر 3 لاکھ 70 ہزارمیٹرک ٹن سے زیادہ اناج و دیگر خوراک کا ذخیرہ لدا ہوا ہے۔فریڈرک کینی نے کہا کہ یوکرائن سے اناج کی برآمد کا معاہدہ بہت اچھی شروعات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرانزٹ کیلئے درخواستوں میں ایک بڑا اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں غذائی عدم تحفظ کو دور کرنے اور خوراک کی عالمی منڈیوں کو مستحکم کرنے میں حقیقی نتائج حاصل کرنیکی خاطر اس اقدام کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے ہمارے پاس ابھی بہت کام باقی ہے۔روس اور یوکرائن نے22 جولائی کو ترکی اوراقوام متحدہ کیساتھ بحیرہ اسود میں یوکرائن کی 3 اہم بندرگاہوں سے خوراک اور کھاد کی برآمد کی اجازت دینے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی