امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے پانچ کرپٹو کرنسی کے ناموں کا اعلان کیا ہے جنھیں وہ ایک نئے سٹریٹیجک ریزرو کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق جن کرنسیوں کو وہ امریکہ کے نئے سٹریٹیجک ریزرو کا حصہ بنانا چاہتے ہیں ان میں بٹ کوائن، ایتھیریم، ایکس آر پی، سولانا اور کارڈانو شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد ان کرنسیوں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایک حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے صدارتی ورکنگ گروپ کو ایک کرپٹو سٹریٹیجک ریزرو پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق اس ریزرو میں ایکس آر پی، سولانا اور کارڈانو نامی کرپٹو کرنسیاں بھی شامل ہوں گی۔اس اعلان کے تقریبا ایک گھنٹے بعد انھوں اپنے ایک اور پیغام میں کہا کہ مذکورہ بالا کرنسیوں کے علاوہ اس ریزرو میں بٹ کوائن اور ایتھیریم بھی شامل ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد ایکس آر پی، سولانا اور کارڈانو کی قدر میں 62 فیصد جبکہ بٹ کوائن اور ایتھیریم کی قیمتوں میں 10 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد کرپٹو کرنسیوں کی قیمت میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی قدر میں گراوٹ بھی دیکھی گئی۔ اب ان کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹیو حکم نامے کے ذریعے ایک صدارتی ورکنگ گروپ تشکیل دیا تھا جس کے ذمے ملک میں کرپٹو کے نئے قوانین اور ضوابط بنانا ہے۔حکم نامے میں ورکنگ گروپ سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی ڈیجیٹل اثاثوں کے ذخیرے کی ممکنہ تخلیق اور دیکھ بھال کا جائزہ لیں جو وفاقی حکومت کی جانب سے قانونی طور پر ضبط کی گئی کرنسیوں کا استعمال کرتے ہوئے بنایا جا سکے۔تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا اس سٹریٹیجک ریزرو کے قیام کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری کی ضرورت ہوگی یا نہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی