i بین اقوامی

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے امکانات بڑھ گئے، رپورٹتازترین

October 22, 2024

امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے امکانات بڑھ گئے۔ برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کے مطابق 2 ماہ میں پہلی بار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔سروے پولز کے مطابق اگست تک ڈیموکریٹ امیدوار کملاہیرس کو غیر جانبدار اور تھرڈ پارٹی ووٹرز کی حمایت کی وجہ سے برتری حاصل تھی تاہم اب ری پبلکن کی جانب مائل ووٹرز ٹرمپ کے پیچھے جمع ہوگئے ہیں جس نے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی جیت کے امکان کو 8 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔ دوسری جانب امریکا کے صدارتی اور دیگر انتخابات کیلئے ٹیکساس سمیت امریکا کی مزید 9 ریاستوں میں قبل ازوقت ووٹنگ شروع ہوگئی۔ٹیکساس سمیت ان ریاستوں میں اکثر پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کی قطاریں ہیں جو قبل از وقت ووٹ ڈال کر اپنے من پسند امیدوار کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔ٹیکساس کے علاوہ جن دیگر ریاستوں میں ارلی ووٹنگ کا آغاز ہوا ہے ان میں فلوریڈا، جنوبی کیرولائنا، الاسکا، آرکنسا، کولوراڈو، کنیٹیکٹ، ایڈاہو، اور شمالی ڈکوٹا شامل ہیں۔امریکا میں عام انتخابات 5 نومبر کو ہوں گے، صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ حریف کملا ہیرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی