امریکی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کی گاڑی حادثے سے بال بال بچ گئی، غلط سمت سے گاڑی لانے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد کاملا کی جان کو لاحق خطرات دور کرنے میں ناکامی پر امریکا کی خفیہ سروسز کو ایک بار پھر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی کے دورے کے دوران امریکی صدارتی امیدوار کا کانوائے انٹراسٹیٹ 94 سے گزر رہا تھا کہ غلط سمت سے تیز رفتار گاڑی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کے قافلے کی طرف بڑھی۔ رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ گاڑی چلانے والا شخص نشے کی حالت میں تھا۔ 55 سالہ ملزم اسی شہر کا رہائشی ہے، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔واضح رہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات میں دو ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، کاملا ہیرس کو خدشہ ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نتائج سے قبل جیت کا دعوی کرسکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی