امریکی ریاست مسی سیپی کے ایک دیہی قصبے میں چھ افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ٹیٹ کانٹی کے پولیس عہدیدارنے کہا کہ حملہ آور نے متاثرین کو ارکابوٹلا کے مختلف مقامات پر نشانہ بنایا جو ٹینیسی کے شہر میمفس سے تقریبا 50 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔مسی سیپی کے گورنر ٹیٹ ریوز نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں ٹیٹ کانٹی میں فائرنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور کو زندہ حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ملنے والے شواہد کے مطابق حملہ آورنے اکیلے یہ کارروائی کی تاہم اس کا مقصد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکاہے۔ گورنر کے مطابق مسی سیپی بیورو آف انویسٹی گیشن سے تحقیقات میں مدد کرنے کو کہا گیا ہے۔ گن وائلنس آرکائیو کے مطابق امریکہ میں اس سال اب تک فائرنگ کے واقعات میں 5ہزار500 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی