امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی انتقال کرگئیں ،ان کی عمر 74 برس تھی ۔ تفصیلات کے مطابق ریاست ٹیکساس سے رکن کانگریس شیلاجیکسن لی طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھیں۔ ان کے خاندان نے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیکساس کے 18 ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی ریاستہائے متحدہ کی نمائندہ شیلا جیکسن لی کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں، انہیں قومی اور بین الاقوامی انسان دوست، انصاف اور انسانی حقوق خصوصا خواتین اور بچوں کے لیے ان کی جرات مندانہ کوششوں کی وجہ سے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔ شیلا جیکسن 1995 سے کانگریس کی رکن کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہی تھیں ، وہ امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن بھی تھیں ، شیلا جیکسن سیلاب،زلزلے سمیت ہرناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں۔ سال 2022 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ان کی خدمات کے عوض ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا، شیلا جیکسن نے سوگواران میں شوہر، دو بچے اور دو پوتے پوتیاں چھوڑی ہیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شیلا جیکسن لی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی کے انتقال کا سن کر افسردہ ہوں، انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان میں بحیثیتِ شریک چیئرمین برائے پاکستانی کاکس کام کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شیلا جیکسن لی پاکستان اور امریکہ کے درمیان مستحکم تعلقات کی علمبردار تھیں، شیلا جیکسن لی کی خدمات آنے والے سالوں میں یاد رکھی جائیں گی، غم کی اس گھڑی میں شیلا جیکسن لی کے خاندان اور ان کے حمایتیوں کے ساتھ ہیں۔ دوسری طرف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی امریکی کانگریس کی رکن اور پاکستان کاکس کی سربراہ محترمہ شیلا جیکسن لی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیلا جیکسن لی کے انتقال خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، وہ پاکستان کی مخلص دوست تھیں ،انہوں نے کانگریس میں ہمشیہ پاکستان کی حمایت کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شیلا جیکسن پاکستان میں قدرتی آفات کے دوران متاثرین کی امداد میں پیش پیش رہیں، پاکستان کیلئے محترمہ شیلا جیکسن لی کی خدمات لائق تحسین ہیں۔سردار ایازصادق نے مزید کہا کہ دکھ اور افسوس کی گھڑی میں پاکستان پارلیمان اور عوام محترمہ شیلا جیکسن لی کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی