امریکی پولیس نے سان فرانسسکو میں اسرائیلی جنگ کے مخالف مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ مظاہرین اسرائیلی قونصل خانے کے باہر جنگ بندی کے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے۔ امریکی سیکورٹی فورسز کے مطابق ان مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے اور قونصل خانے کے سامنے نعرے لگانا بند کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس عمارت کے اندر لگ بھگ 50افراد گرائونڈ فلور پر موجود تھے۔انہیں گرفتار کرکے ان کے ہاتھ باندھ دیے گئے تھے اور انہیں ایک ایک کر کے پولیس کی گاڑی میں ڈالا جاتا رہا۔ مظاہریننے اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے خلاف نعرے لگا ئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں صرف جبرا ہی اس عمارت سے انخلا پر مجبور کیا جا سکتا ہے جیسا کہ غزہ کے شہریوں کو غزہ سے نکالا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو جگہ جگہ جنگ مخالف شہریوں کے احتجاجی مظاہروں کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ سیکورٹی فورسز کے مطابق سان فرانسسکو میں پیر کے روز مظاہرین اسرائیلی قونصل خانے والی عمارت کی لابی میں داخل ہو گئے تھے اور اس سے نکلنے کو تیار نہ تھے۔اس صورت حال میں مظاہرین کی گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ تاہم امریکی حکام نے ان زیر حراست لیے گئے مظاہرین کی تعداد ظاہر نہیں کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی