i بین اقوامی

امریکا میں مظاہرے،پہلی بار جو بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کواسلحہ کی ترسیل روک دیتازترین

May 06, 2024

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد پہلی بار امریکا نے ملک بھر میں مظاہروں کے بعد اسرائیل کو بھیجی جانے والی ہتھیاروں کی کھیپ روک دی ہے ۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق دو اسرائیلی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کو گولہ بارود کی ترسیل معطل کر دی تھی۔ حکام نے بتایا کہ اس اقدام نے اسرائیلی حکومت کے اندر شدید تشویش پیدا کردی ہے اور حکام اس کی وجہ جاننے کی کوشش پر مجبور ہوئے ہیں۔ فروری 2024 میں بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل سے اس بات کی گارنٹی فراہم کرنے کو کہا تھا کہ غزہ میں بین الاقوامی قانون کے مطابق امریکی ہتھیار استعمال ہو رہے ہیں، تل ابیب نے مارچ میں ضمانتیں فراہم کی تھیں۔ دوسری جانب اس حوالے سے وائٹ ہاوس نے بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ امریکی میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ اسرائیل غزہ کے انتہائی جنوبی شہر رفح پر حملہ کرے گا، رفح میں غزہ کی پٹی کے دیگر علاقوں سے آکر 11 لاکھ کے قریب افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی