i بین اقوامی

امریکا کی نائب صدر کاملاہیرس جیت کیلئے پر اعتمادتازترین

July 01, 2024

امریکا کی نائب صدر کاملا ہیرس پراعتماد ہیں کہ ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر جو بائیڈن دوبارہ صدر منتخب ہونے میں کامیاب ہوجائیں گے لیکن انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ جیت کی راہ آسان نہیں ہوگی۔ کاملا ہیرس نے یہ بات ریاست کیلی فورنیا کے علاقے بریڈ بری میں فنڈریزنگ تقریب سے خطاب میں کہی جس کا اہتمام پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹرآصف محمود کی رہائش گاہ پر کیا گیا تھا۔ امریکی تاریخ میں ممکنہ طور پر یہ پہلا سیاسی ایونٹ تھا جس میں موجودہ نائب صدر نے کسی پاکستانی امریکن شخصیت کے گھر فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کے میزبانوں میں پاکستانی امریکن کاروباری شخصیت تنویر احمد بھی شامل تھے جنہوں نے حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں منعقد تقریب میں سابق صدر سے پاکستان کی صورتحال پر بات چیت کی تھی۔ تقریب میں تقریبا50 شخصیات مدعوتھیں جن میں سے ہر شخص نے بائیڈن وکٹری فنڈ کیلیے بھاری رقوم دیں، مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام گھرکے عقبی حصے میں سوئمنگ پول کے اطراف کیا گیا تھا۔ گوروں سمیت سب کی تواضع مٹرپلا، بھنڈی، نہاری، بٹرچکن، گلاب جامن، گاجرکا حلوہ اور لسی جیسے روایتی کھانوں اور مشروبات سے کی گئی، آخر امریکا کی نائب صدر کا خاندانی تعلق بھارت سے ہے۔

اپنے خطاب میں امریکا کی نائب صدر نے ڈاکٹرآصف محمود سے اپنی دیرینہ دوستی کا خصوصی ذکر کیا، کاملا ہیرس نے کہا کہ میں اپنے دوست ڈاکٹرآصف محمود کی شکرگزارہوں، جہاں تک مجھے یاد ہے،15 برسوں سے وہ مجھے سپورٹ کررہے ہیں اور میں ان کے تعاون پرہمیشہ پرجوش رہی ہوں،جو کچھ انہوں نے میرے لیے کیا ہے، اسکے لیے بے حد ممنون ہوں۔ 12منٹ پر محیط اپنے خطاب کے تقریبا3 منٹ کاملا ہیرس نے ڈاکٹر آصف سے اپنے گہرے تعلق کے اظہار پر صرف کیے اور کہا کہ انکے خیال میں بحیثیت نائب صدر وہ تیسری بار اس گھر میں آئی ہیں۔ ساتھ ہی گھر کے بائیں حصے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ دو بار تو خطاب کیلئے پوڈیم اس حصے میں رکھا جاتا تھا، ڈاکٹر آصف محمود نے لقمہ دیا کہ اس بار شام ساڑھے 6 بجے تک تیز دھوپ موجود ہونے کی وجہ سے پوڈیم برآمدے کے دوسری جانب رکھا گیا ہے۔ یہ ایونٹ بائیڈن ٹرمپ پہلے مباحثے سے ایک روز پہلے رکھا گیا تھا، زیادہ تر شرکا ذہنی طورپر تیار تھے کہ بائیڈن اپنی پیرانہ سالہ اور گرتی ہوئی یادداشت کے سبب اچھا پرفارم نہیں کرسکیں گے اور یہ بھی کہ ٹرمپ تیزو تند جملوں سے انہیں اڑا کررکھ دیں گے۔ کاملاہیرس نے پورے اعتماد سے کہا کہ ہم جیت جائیں گے، یہ آسان تو نہیں ہوگا مگر جیتیں گے ہم ہی۔ ووٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے امریکا کی نائب صدر نے کہا کہ یہ وہ الیکشن ہے جو سمت متعین کرے گا کہ امریکی شہری کس قسم کا ملک دیکھنا چاہتے ہیں اور بحیثیت ملک ہماری اقدار کیا ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی