i بین اقوامی

امریکا کا افغانستان کو دہشت گردی کا لانچنگ پیڈ بننے سے روکنے کا عزمتازترین

August 02, 2024

محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ودانت پٹیل نے کہا ہے کہ واشنگٹن اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ افغانستان کبھی بھی امریکا یا اس کے اتحادیوں کے خلاف دہشت گرد حملوں کے لانچنگ پیڈ کے طور پر کام نہیں کرے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکا کا ماننا ہے کہ داعش خراساں ایک بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورک ہے جو بین الاقوامی دہشت گردانہ حملے کرنے کی عزائم اور صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر افغانستان سے ابھرنے والے خطرات کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ جب ترجمان سے افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے جنگجووں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی اور ان کے سرحد پار پاکستان پر حملے کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ پر امریکی موقف کے بارے میں سوال کیا گیا تو ویدانت پٹیل نے جواب دیا جیسا کہ ہم مسلسل کہتے ہیں، ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ افغانستان کبھی بھی امریکا یا ہمارے اتحادیوں کے خلاف دہشت گرد حملوں کے لیے ایک لانچنگ پیڈ کے طور پر کام نہ کرے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا خطے میں اتحادیوں سمیت اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا افغانستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے تمام تر کوشش کر رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی