امریکہ نے بھارت سے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے احتساب کا مطالبہ کردیا، بھارت کے سابق انٹیلی جنس افسر کے امریکا میں گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کے شواہد منظر عام پر آگئے۔واشنگٹن پوسٹ نے شائع کردہ رپورٹ میں سابق بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے افسر کی سکھ رہنما پنوں کے قتل کی سازش کو بے نقاب کر دیا ۔امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ ہم نے اعلی سطح پر بھارتی حکومت سے براہ راست اپنے خدشات کو اٹھایا ہے اور محکمہ انصاف سے رجوع بھی کریں گے۔گزشتہ برس امریکی سر زمین پر سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں ایک بھارتی را کا ایجنٹ ملوث تھا۔بھارت میں مودی کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے غیر ملکی سر زمینوں پر ماورائے عدالت قتل، جاسوسی اور دہشتگردی کی وارداتوں نے مزید زور پکڑ لیا ہے۔امریکہ کی جانب سے بھارت کو بارہا سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کا مطالبہ کیا جاتا رہا جبکہ بھارت نے ہمیشہ روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، را نے ایک بار پھر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دیا ۔تاہم امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ "ہم امریکی سر زمین پر خالصتانی سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش پر بھارتی حکومت سے احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں اور مزید تحقیقات کے لئے پوچھ گچھ کر رہے ہیں"امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی را کے افسر کی شناخت "وکرم یادیو" کے طور پر کی جو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث تھا، امریکہ میں مقیم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو نشانہ بنانے کے لیے را ایجنٹ وکرم یادیو نے خفیہ ٹیم کی خدمات حاصل کیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی