چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ چین کو بدنام کرنا بند کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور سائبر اسپیس کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔ ترجمان لین جیان نے یہ بات یومیہ پریس بریفنگ میں چین کے نیشنل کمپیوٹر وائرس ایمرجنسی رسپانس سینٹر، نیشنل انجینئرنگ لیبارٹری فار کمپیوٹر وائرس پریوینشن ٹیکنالوجی اور 360 ڈیجیٹل سیکیورٹی گروپ کی جاری کردہ رپورٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہی۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ 2023 سے "وولٹ ٹائیفون" ہیکرز تنظیم کو بڑھاوا دیکر دنیا بھر میں چین مخالف پروپیگنڈے میں مصروف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اپریل میں متعلقہ چینی اداروں نے اس اسکینڈل کا انکشاف کیا تھا کہ امریکہ نے اپنے جغرافیائی سیاسی ایجنڈا آگے بڑھانے کے لئے چین کو "وولٹ ٹائیفون" کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تازہ ترین رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ غلط معلومات مہم نیشنل سیکیورٹی ایجنسی اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور دیگر امریکی خفیہ اداروں نے کانگریس کے چین مخالف اور متعدد وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ دیگر فائیو آئیز ممالک کی سائبر سیکیورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے شروع کی تھی جس کا مقصد رائے عامہ متاثر کرنا تھا۔ ترجمان لین نے کہا کہ رپورٹ جاری ہونے کے باوجود آج بھی امریکہ ہم سے وضاحتیں مانگتا ہے۔ این ایس اے کے سربراہ اب بھی "وولٹ ٹائیفون" سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی حکومت ایک سائبر سیکیورٹی کمپنی پر دبا ڈال رہی ہے اور اسے اپنے تکنیکی تجزیے کو دوبارہ تحریر کرنے کا کہہ رہی ہے جس میں "وولٹ ٹائیفون" کو رینسم ویئر گروپ ثابت کیا گیا ہے۔ یہ پردہ ڈالنے کی ایک اناڑی حکمت عملی ہے جو نہ کبھی کامیاب ہوئی ہے اور نہ ہوگی۔ ترجمان لین نے کہا کہ امریکہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی چین شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب امریکہ وضاحت کرے اور فوری طور پر چین مخالف مہم بند کرے۔ ہم امریکہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ ذمہ داری سے کام کرے اور سائبر اسپیس کے تحفظ میں اپنا کردار نبھائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی