i بین اقوامی

الفتح اور حماس سمیت مختلف فلسطینی دھڑوں کا اختلافات ختم کرنے پر اتفاقتازترین

July 23, 2024

چین میں ہونے والے مذاکرات میں الفتح اور حماس سمیت مختلف فلسطینی دھڑوں نے اختلافات ختم کرنے پر اتفاق کرلیا،عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے تعاون سے ہونے والے سہ روزہ مذاکرات میں فلسطینی اتھارٹی کی حکمران جماعت الفتح اورحماس سمیت مختلف فلسطینی جماعتوں نے حصہ لیا اور مذاکرت کے اختتام پر اختلافات ختم کرکے فلسطین کی بہبود و آزادی کے لیے مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی دارالحکومت بیجنگ میں الفتح اور اس کی مخالف جماعت حماس سمیت 14مختلف سیاسی و مزاحمتی دھڑوں کے رہنماوں میں مذاکرات 21سے 23جولائی تک جاری رہے جس کے بعد فلسطینی کاز کے لیے مل کر کام کرنے کی قرارداد پر سب نے دستخط کیے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی دھڑوں نے چینی وزیرخارجہ اور چینی میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ غزہ پر حکومت کرنے والی فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور فلسطین کے مغربی کنارے پر حکومت کرنے والی الفتح سال 2006کے انتخابات سے ہی ایک دوسرے کی سخت مخالف رہی ہیں۔ سال 2006میں فلسطین میں ہونے والے عام انتخابات میں حماس نے کامیابی حاصل کی تھی مگر اسے حکومت نہیں دی گئی جس کے بعد حماس نے غزہ میں اپنی الگ حکومت قائم کرلی جب کہ مغربی کنارے پر الفتح جماعت نے فلسطینی اتھارٹی کے نام سے الگ حکومت قائم کی ہوئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی