i بین اقوامی

ایرانی صدر کی بغداد آمد، دونوں ملکوں کے درمیان 14معاہدوں پر دستخطتازترین

September 12, 2024

ایران کے صدر مسعود پزشکیان منصب صدارت سنبھالنے کے بعد پڑوسی ملک عراق کے تین روزہ دورے پر بغداد پہنچ گئے، ایرانی صدر کایہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے،عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے بغداد کے ہوائی اڈے پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا پرتپاک استقبال کیا،ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بغداد کے ہوائی اڈے سے مقتول ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھی ابو مہدی المہندس کے مزارات پر حاضری دی،اپنے دورے کے دوران ایران کے صدر عراقی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اپنے تین روزہ دورے کے دوران وہ نجف، کربلا، بصرہ اور اربیل کا بھی دورہ کریں گے،رپورٹس کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ان کے ہمراہ پہنچنے والے وفد کے ساتھ عراقی وزیراعظم السوڈانی نے جامع مذاکرات کیے، جس کے بعد صدر پزشکیان اور السوڈانی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لئے 14معاہدوں پر دستخطی تقریب میں شریک ہوئے،معاہدے اطلاعات، سماجی تحفظ، یوتھ اور اسپورٹس، تعلیم، سیاحت، ٹیکس تعاون، زراعت، قدرتی وسائل، ثقافت، تاریخی نوادرات کی پیشہ وارانہ تعلیم اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر مشتمل ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی