i بین اقوامی

ایف بی آئی کا سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپہ، اہم دستاویزات ضبطتازترین

August 12, 2022

ایف بی آئی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر چھاپہ مارا جس کے دوران اہلکاروں نے رہائش گاہ کے مختلف حصوں کی تلاشی لی اور اہم دستاویزات ضبط کر لیں، ٹرمپ نے الزام لگایا کہ اہلکاروں نے ایک الماری کو توڑ ڈالا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی کا سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر چھاپہ، تحقیقاتی ایجنسی کے اہلکار اہم دستاویزات بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ تلاشی مبینہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے سرکاری کاغذات کے استعمال سے متعلق تحقیقات سے منسلک ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق پیر کو چھاپے کی اطلاع کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ نیو یارک شہر کے ٹرمپ ٹاور میں موجود تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانچ میں ڈرامائی طور پر اضافہ اس وقت ہوا جب وہ 2024 میں ممکنہ طور پر تیسری مرتبہ امریکی صدارتی انتخاب کی تیاری کر رہے ہیں۔ سابق صدر ٹرمپ نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ یہ ہماری قوم کے لیے تاریک وقت ہے، اس طرح کا حملہ صرف تیسری دنیا کے ممالک میں ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکہ کے محکمہ نیشنل آرکائیوز کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا والی رہائش گاہ مار-اے-لاگو سے 15 باکس قبضے میں لیے ہیں جن میں خفیہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ امریکی صدور قانون کے مطابق اپنے تمام خطوط، کام کے دستاویزات اور ای میلز کو نیشنل آرکائیوز میں منتقل کرنے کے پابند ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے کئی دستاویزات کو غیر قانونی طور پر پھاڑ دیا تھا۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی