افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان میں شدید بارش اور سیلاب سے 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قنائی نے بتایا کہ بغلان میں ہونے والے شدید بارش اور سیلاب سے 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں اورہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ بغلان میں 5 سے اضلاع میں سیلابی صورت حال ہے، جہاں 150 سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں اور فوری امداد کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ عبدالمتین قنائی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے امدادی ٹیمیں اور ہیلی کاپٹرز مذکورہ علاقے کی طرف بھیج دیا ہے لیکن ہیلی کاپٹر میں نائٹ ویژن لائٹ کی کمی کی وجہ سے امدادی کارروائی ممکن نہیں ہوسکے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی