برطانیہ، امریکا ، کینیڈا اور جاپا ن کے بعد آسٹریلیا نے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کرنے والے اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں کرنے پر آسٹریلیا نے اسرائیلی نوجوانوں کے گروپ اور 7اسرائیلی آباد کاروں پر مالی و سفری پابندیاں لگادیں،رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا ہے کہ اسرائیلی گروپ فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو بھڑکانے کا ذمہ دار ہے، یہودی آباد کار فلسطینیوں پر حملوں اور تشدد کے واقعات میں ملوث ہیں،پینی وونگ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں بعض پرتشدد کارروائیوں میں اموات بھی ہوئی ہیں، اسرائیل اپنی آبادکاری کی جاری سرگرمیاں بند کرے،آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے بھی کہا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں استحکام اور دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔دریں اثنا جاپان کی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشیماسا ہیاشی نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں گزشتہ سال اکتوبر سے ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے،اس صورتحال میں جی 7کے رکن ممالک اور دیگر کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاپان نے فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث 4اسرائیلی یہودی آباد کاروں کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہوئے ان کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی