i بین اقوامی

عرب لیگ،اردن اور مصر نے ٹرمپ کا غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کا منصوبہ مسترد کردیاتازترین

January 27, 2025

عرب لیگ، اردن اور مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبے کو مسترد کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب لیگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین سے جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے خلاف خبردار کیا ہے۔ عرب لیگ کے جنرل سیکریٹریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ لوگوں کو اپنی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنا اور نکالنا صرف نسلی تطہیر کے مترادف ہی ٹھہرایا جا سکتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ماضی میں فلسطینی عوام کو اپنی زمین سے جڑ سے اکھاڑنے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں، خواہ وہ نقل مکانی، الحاق یا آبادکاری میں توسیع کے ذریعے کی گئی ہوں۔ ادھر اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے پیش کئے گئے منصوبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا فلسطینیوں کی کسی بھی قسم کی بے دخلی کو مسترد کرنے کا موقف مضبوط اور غیر متزلزل ہے اور فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل نہیں کرنا چاہیے۔ایمن صفادی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے ہی خطے میں امن ممکن ہے اور ہم خطے میں امن کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ دوسری جانب مصر نے بھی صدر ٹرمپ کی تجویز پر سخت خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین پر ثابت قدم رہنے کی حمایت جاری رکھنے کا اظہار کیا۔مصر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر ناقابل تلافی حقوق کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو مسترد کرتاہے، خواہ آباد کاری یا زمین کے الحاق کے ذریعے ایسا کیا جائے، یا نقل مکانی کے ذریعے وہاں کے لوگوں کو اپنی سرزمین سے نکالا جائے، چاہے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عارضی یا طویل مدتی طور پر فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے اکھاڑ پھینکا یا منتقل کیا جائے۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے بارہا خبردار کیا ہے کہ نقل مکانی کا مقصد فلسطینی ریاست کے لیے جدوجہد کو ختم کرنا ہے۔صدر الفتح السیسی نے اس ممکنہ منصوبے کو سرخ لکیر قرار دیا ہے جس سے مصر کی قومی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔مصر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں دو ریاستی حل پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا جس کے متعلق قاہرہ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بیدخل کرنے کی صورت میں ایسا کرنا ناممکن ہو جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی