بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج میں وزیر اعظم نریندر مودی اپنی ساکھ اور اعتماد کھو بیٹھے ہیں اس لیے وہ وزارت عظمی سے فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔عالمی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی اور ان کی جماعت کو اس الیکشن میں کئی ایسی نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے جن پر وہ ماضی میں ہمیشہ کامیاب ہوتے آئے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں 59سیٹیں کم ملی ہیں جب کہ مخالف اپوزیشن جماعت کو اس الیکشن میں گزشتہ کے مقابلے میں 140سے زائد سیٹیں ملیں۔مغربی بنگال کی وزیراعلی نے مزید کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مودی پر عوام کا اعتماد نہیں رہا۔ وہ اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ اس لیے مودی کو چاہیے کہ استعفی دے کر اپنے گھر جائیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق وراناسی میں نریندر مودی کو فتح تو حاصلہ ہوگئی لیکن 2019کے مقابلے میں انھیں اس بار کم ووٹ پڑے۔ گزشتہ الیکشن میں انھوں نے مخالف امیدوار کو 4لاکھ ووٹ سے جب کہ اس بار ایک لاکھ ووٹ سے شکست دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی