انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ( آئی ایم ایف )نے یوکرین کے لیے 15.6 بلین ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے تاکہ جنگ سے متاثرہ ملک کی معاشی بحالی میں مدد کی جا سکے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملوں نے یوکرین کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں گزشتہ سال تقریبا 30 فیصد تک سکڑ گئی ہیں، جس سے اس کے سرمائے کا زیادہ تر ذخیرہ تباہ ہو گیا ہے اور غربت میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام نے تصدیق کی کہ یہ آئی ایم ایف کے 115 بلین ڈالر کے مجموعی سپورٹ پیکج کا حصہ ہے جس میں قرضوں میں ریلیف، گرانٹس اور کثیر جہتی اور دو طرفہ اداروں کے قرض شامل ہیں۔ آئی ایم ایف نے حال ہی میں غیر معمولی حد تک غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے قرض کے پروگراموں کی اجازت دینے کے لیے اپنے قوانین میں تبدیلی کی ہے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے منظور شدہ کل رقم میں سے 2.7 بلین ڈالر یوکرین کو فوری طور مہیا کئے جائیں گے جبکہ باقی فنڈز اگلے چار سالوں میں جاری ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی