عالمی عدالت انصاف کی جانب سے غزہ کے جنوبی شہر میں فوجی کارروائیاں روکنے کے حکم کے باوجود ہفتہ کو اسرائیل نے رفح سمیت غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری شروع کردی،نصیرت پناہ گزین کیمپ میں تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عدالتی فیصلے کے چند گھنٹوں بعد اسرائیل نے 25 مئی( ہفتے)کو علی الصبح غزہ کی پٹی پر حملے کیے جبکہ صیہونی فوج اور حماس کے مسلح ونگ کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ فلسطینی عینی شاہدین نے رفح اور وسطی شہر دیر البلاح میں اسرائیلی حملوں کی اطلاع دی۔ اس کے علاوہ نصیرت پناہ گزین کیمپ میں تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کویتی ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا، رفح کراسنگ پر فوجیوں کے کڑے پہرے کے باعث امداد داخل نہیں ہوپارہی۔ اقوام متحدہ کے امدادی ایجنسی کے سربراپ مارٹن گریفتھس نے قحط کی صورت حال میں امداد روکنا بڑا المیہ قرار دیا۔ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 35 ہزار 857 فلسطینی شہید اور 80 ہزار 293 زخمی ہوئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی عدالت نے 24 مئی کو رفح میں جنگ روکنے کا حکم دیتے ہوئے حماس کی قید میں موجود تمام افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ عالمی عدالت کے احکامات ماننا قانونی طور پر لازم ہے لیکن اس کے احکامات کے نفاذ کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی