i بین اقوامی

یوکرائن میں بحیرہ اسود کی بندرگاہ سے اناج سے لدا پہلا بحری جہاز روانہتازترین

August 02, 2022

یوکرائن کی جنوبی بندرگاہ اوڈیسا سے اناج سے لدا پہلا مال بردار بحری جہاز لبنان کیلئیروانہ ہو گیا ہے۔یوکرائن کے وزیربرائے انفراسٹرکچر اولیکسینڈر کبراکوف نے پیر کے روز فیس بک پر بتایا کہ بحیرہ اسود میں واقع بندرگاہ سے روانہ ہونیوالا سیرالیون کا پرچم بردار بحری جہاز رازونی 26 ہزار ٹن مکئی لے کر لبنان کی بندرگاہ طرابلس کیلئے سفر پر نکلا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بحری جہاز ایک سمندری راہداری پر سفر کرے گا جس کی حفاظت کی ضمانت ترکی اور اقوام متحدہ(یو این)نے دی ہے۔کبراکوف نے کہا کہ یوکرائن کی اناج کی برآمدات کو دوبارہ شروع کرنے سے خوراک کے عالمی بحران کو روکنے میں مدد ملے گی، یوکرائنی معیشت میں اس کا حصہ کم از کم 1 ارب امریکی ڈالر ہو گا اور ملک کیکسانوں کیلئے آئندہ سال کیلئے بیج بونے کی مہم کی تیاری کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔ترک وزارت دفاع نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ مال بردار جہاز سب سے پہلے منگل کو معائنہ کیلئے ترکی میں استنبول پہنچے گا، جہاں روس اور یوکرائن کے ترکی اور اقوام متحدہ کیساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق ایک مشترکہ مانیٹرنگ سینٹر کے ذریعے اس کا معائنہ کیا جائے گا۔ترک وزارت دفاع نے کہا کہ رازونی کے بعد یوکرائن کی بندرگاہ اوڈیسا سے دیگر قافلے بھی روانہ ہوں گے۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی