i بین اقوامی

ہم چترال کو گرین بیلٹ میں تبدیل کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں،محمد یاسین خان وزیرتازترین

June 20, 2022

ڈائریکٹر جنرل سوئل اینڈ واٹر کنزرویشن خیبر پختونخوا محمد یاسین خان وزیر نے کہا ہے کہ ہم چترال کو گرین بیلٹ میں تبدیل کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن یہ تب ہی ممکن ہے کہ عوام ادارے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ جہاں بھی ادارے اور عوام مل کر کام کرتے ہیں وہاں اہداف حاصل کرنے مشکل نہیں ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گمبس قلعہ بروز میں شہزادہ میجر ریٹائرڈ شمس الدین کی رہائش گاہ پر سوئل اینڈ واٹر کنزرویشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ چترال زرخیز علاقہ ہے۔ اور قدرت نے جہان اس کے پھلوں میں خاص مٹھاس رکھ دی ہے ڈی جی نے کہا کہ ہمارا ادارہ کثیر المقاصد کام کرتا ہے۔ جس میں زمین کی،ٹیریسنگ، مائیکرو واٹر شیڈ، حفاظتی پشتوں اور چیک ڈیمز کی تعمیر، پھلدار و فارسٹ پلانٹس، گراس اگاکر زمین کو سرسبز اور کار آمد بنانا شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم موجودہ پراجیکٹ کے تحت چترال میں ڈھائی ہزار ایکڑ زمین ہموار کر سکتے ہیں اور اس طرح کا ورلڈ بینک پراجیکٹ بھی چترال میں لانچ ہو رہا ہے۔

جس سے چترال کو بہت زیادہ فوائد ملیں گے۔ ڈائریکٹر سوئل اینڈ واٹر کنزرویشن چترال امین الحق نے اپنے خطاب میں ڈی جی کی چترال پر خصوصی توجہ پر ان کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ پراجیکٹ کے تحت چترال کو بہت زیادہ فوائد ملے ہیں۔ اور فوائد ملنے کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔ چترال میں زمین کی کمی ہے اور جہاں زمین دستیاب ہے وہاں بارشوں کی کمی کے باعث پانی کے مسائل ہیں۔ اس لئے ہماری کوشش ہے کہ دستیاب کم پانی کو سٹور کرکے زرعی کے مقاصد کیلئے استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی پراجیکٹ پر اسی فیصد اخراجات ادارہ برداشت کرتا ہے اس لئے گمبس کے موجودہ پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ جن میں سے 10 لاکھ مالک زمین برداشت کرے گا۔ ہم ڈھلوان زمین کو زیرو پر لے آئیں گے۔ اور ٹیرسنگ کیساتھ واٹر پانڈ، چیک ڈیم، پروٹیکشن وال تعمیر کریں گے۔ اور مختلف قسم کے پھلدار اور جنگلی پودے لگانیکے ساتھ گھاس اگائیں گے۔ اور تین سال تک اس کی نگرانی کے بعدمالک زمین کے حوالے کریں گے۔ تقریب سے پروفیسر حفیظ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈاکٹر نصیر، انجینئر منظور نے بھی خطاب کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے بعد آزاں منصوبے کی نقاب کشائی کرکے کام کا افتتاح کیا۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی