i بین اقوامی

ہانگ کانگ ۔ مین لینڈ کے درمیان تجارت میں 25 برس کے دوران 6 گنا سے زائد اضافہتازترین

July 06, 2022


ہانگ کانگ کی 25 برس قبل مادروطن کو واپسی کے بعد سے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے اور چینی مین لینڈ کے درمیان تجارت میں 6 گنا سے زائد اضافہ ہواہے۔ وزارت تجارت کے اعدادوشمار کے مطابق 1997 سے 2021 تک خصوصی انتظامی خطے (ایس اے آر) اور مین لینڈ کے درمیان تجارتی مالیت 50.77 ارب امریکی ڈالرز سے 6.1 گنا بڑھ کر 360.33ارب امریکی ڈالرز ہوگئی، جو اوسطا 8.5 فیصد سالانہ اضافہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 2021 کے اختتام تک ہانگ کانگ سے مین لینڈ میں کی جانے والی سرمایہ کاری 14 کھرب امریکی ڈالرز سے زائد تھی۔ وزارت تجارت کے ترجمان شو جو تھنگ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ 1997 سے مین لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون مسلسل وسیع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی ترقی کے ساتھ خود کو مربوط کرتے ہوئے ہانگ کانگ مقامی سرکولیشن میں ایک اہم حصہ دار اور مقامی و بین الاقوامی سرکولیشن کو جوڑنے میں کلیدی شراکت دار بن چکا ہے۔ گزشتہ 25 برس میں وزارت تجارت نے خصوصی انتظامی خطے کی حکومت کے ساتھ اقتصادی اورتجارتی تعاون کے طریقہ کار پر کام کیا ، گوانگ ڈونگ ۔ ہانگ کانگ ۔ مکاؤ گریٹر بے ایریا کی تعمیر میں سہولت فراہم کی اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو میں ہانگ کانگ کو شریک کرنے کی حمایت کی۔ شو نے کہا کہ مین لینڈ اور ہانگ کانگ میں قریبی اقتصادی شراکت داری انتظام اور متعلقہ معاہدوں پر دستخط سے مین لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان اشیا کی تجارت کو آزاد بنانے کا مکمل حصول ممکن ہوا ،اور خدمات کی تجارت کو آزاد بنانے کا بنیادی مقصد حاصل کیا گیا۔ مستقبل پر نگاہ ڈالتے ہوئے شو نے کہا کہ وزارت تجارت ہانگ کانگ کی اقتصادی ترقی اور اس کے رہائشیوں کی فلاح و بہبود بہتر بنانے کے ساتھ خطے کو مجموعی قومی ترقی سے مربوط کرنے کی حمایت جاری رکھے گی۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی