امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ ملک وقوم کے لئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنا پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاک فوج کی تاریخ وطن کیلئے گراں قدر قربانیوں سے عبارت ہے،پاک فوج کے افسران اورجوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں کی بدولت قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔ مسعود خان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پر جب بھی کوئی مشکل گھڑی آئی پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے اپنے جذبہ حب الوطنی اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک و قوم کو سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا بیرونی خطرات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ داخلی طور پر بھی کسی بھی قدرتی آفت یا دیگر کسی خطرے سے نمٹنے میں پاک فوج کے سپاہی ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی شہید ایک زیرک اور مدبر جنرل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نہایت انسان دوست اور ہمدرد دل رکھنے والے نفیس انسان تھے۔جو مصیبت یافتہ افراد کی ہر ممکن طریقے سے مدد کرنا اپنا فرض سمجھتے تھے۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارت خانے کے موجودہ ڈیفنس اتاشی برگیڈئیر نعمان منظور اعوان نے لیفیٹننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور دیگر شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن کے لئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔ سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نوید بخاری کی جانب سے شہدا کے لئے تعزیتی ریفرنس پڑھا گیا۔پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کو تعزیتی پیغام بھی ارسال کیا گیا۔ریفرنس میں شہدا کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی