i بین اقوامی

ہانگ کانگ کا مشہور فلوٹنگ ریسٹورنٹ جنوبی چین کے سمندر میں ڈوب گیاتازترین

June 20, 2022

ہانگ کانگ کا مشہور فلوٹنگ(تیرنیوالا) ریسٹورنٹ جنوبی چین کے سمندر میں ڈوب گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہانگ کانگ کا مشہور جمبو فلوٹنگ ریسٹورنٹ جسے ایک بحری جہاز پربنایا گیا تھا ایبرڈین بندرگاہ سے دور ہٹائے جانے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد جنوبی چین کے سمندر میں ڈوب گیا۔اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز فلوٹنگ ریسٹورنٹ کو اس وقت ناپسندیدہ حالات کا سامنا کرنا پڑا جب وہ جنوبی بحیرہ چین میں جزیرہ شیشا، جسے پیراسل جزائر بھی کہا جاتا ہے سے گزر رہا تھا کہ پانی جہاز میں داخل ہونا شروع ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ سمندر کی نظر ہوگیا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ سمندر کی گہرائی کی وجہ سے ریسٹورنٹ کو بچانے کا کام انتہائی مشکل ہے جبکہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ ڈوبنے کے واقعے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق مالی مشکلات کے شکار دوسال سے بند ریسٹورنٹ کو شہر سے منتقل کیا جارہا تھا۔واضح رہے کہ 1976 میں کھولا گیا جمبو فلوٹنگ ریسٹورنٹ کی لمبائی تقریباً 80 میٹر تھی اور یہ ہانگ کانگ میں چار دہائیوں سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جس میں ملکہ الزبتھ دوم اور ہالی وڈ اداکار ٹام کروزسمیت مشہور شخصیات نے کھانا کھایا۔تاہم یہ ریسٹورنٹ کورونا کی وجہ سے 2020 میں بند ہوگیا تھا اور انتظامیہ کی جانب سے اپنے تمام عملے کو فارغ کردیا گیا تھا۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان