i آئی این پی ویلتھ پی کے

ماہرین ماحولیات کا لاہور سموگ ٹاور کی ناکامی کے بعد طویل المدتی پالیسی کا مشورہ ،ویلتھ پاکتازترین

April 22, 2025

دسمبر 2024 میں افتتاح کیا گیالاہور کا سموگ ٹاور کا مقصد شہر میں فضائی آلودگی کو کم کرنا تھا۔ تاہم، یہ ناکام رہااوربڑے پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق صوبائی میٹروپولیس اب بھی دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ پانچ شہروں میں شامل ہے۔پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کا پہلا اینٹی سموگ ٹاور لانچ کیا، اسے شہر کی بگڑتی ہوئی فضائی آلودگی کا حل قرار دیا۔فی گھنٹہ 50,000 کیوبک میٹر ہوا کو فلٹر کرنے اور روزانہ 1.2 ملین کیوبک میٹر تک صاف کرنے کے قابل، ٹاور کی آزمائش ہوئی لیکن مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہا۔ اس بہت بڑے منصوبے کی ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ای پی ڈی نے تمام مسائل کو دور کرنے کے بعد ہی پراجیکٹ کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ای پی ڈی کے ترجمان ساجد بشیر نے ویلتھ پاک کو بتایاکہ سموگ ٹاور نے مطلوبہ نتائج نہیں دیے۔ اس لیے ماہرین کی کمیٹی نے اسے دوبارہ فعال کرنے سے پہلے اس کی صلاحیتوں میں بہتری لانے کے لیے کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاور لگانے والی کمپنی کو خرابیوں کو دور کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔

ماہرین ماحولیات عام طور پر پیوریفائر کے ذریعے لاہور جیسے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے خیال کو قبول نہیں کرتے، کیونکہ اس طرح کے سموگ ٹاور کا کوریج ایریا محدود ہے، اور یہ پورے شہر میں آلودگی کی سطح کو کم کرنے میں کارگر ثابت نہیں ہو سکتا۔ تکنیکی لحاظ سے، خراب فلٹرز یا ناکافی ایئر سکشن نے ٹاور کے غیر موثر ہونے میں اہم کردار ادا کیا۔ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقی خان نے ویلتھ پاک کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہاکہ یہ پنجاب حکومت کی جانب سے صرف ایک کاسمیٹک قدم تھا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے، جس میں صنعتی ذرائع، گاڑیوں اور زرعی سرگرمیوں سے اخراج کو کم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے شہری میاواکی جنگلات کو بڑھانے جیسے اقدامات کرتے ہوئے شہر کے اندر اور اس کے ارد گرد پودوں کے احاطہ میں اضافہ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹاور کے الیکٹرو سٹیٹک ڈسٹ اکٹھا کرنے کے نظام میں خامیاں تھیں، جن میں وولٹیج کی خراب ریگولیشن، الیکٹرو سٹیٹک الیکٹروڈ کا غیر موثر ڈیزائن، اور فلٹریشن کا ناکافی نظام شامل ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہاہم نئی دہلی کے سموگ ٹاورز سے سبق سیکھ کر اس تلخ تجربے سے بچ سکتے تھے جو بڑی مالیاتی سرمایہ کاری کے باوجود کوئی مثبت نتیجہ برآمد کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سموگ کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کافی نہیں ہیں اور فضائی آلودگی کے صحت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔حماد نے کہاکہ اخراج کو کم کرنے کے لیے انفرادی اقدامات بھی لاہور کی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔تاہم ماحولیات کے مشیر سید نسیم الرحمان کی رائے مختلف تھی۔ ان کے نزدیک منصوبے کی ناکامی پر حکومت پنجاب پر تنقید بلا جواز تھی۔انہوں نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں سموگ ٹاور کا قیام پنجاب حکومت کی پہلی کوشش تھی۔سموگ ٹاور بیجنگ میں کامیابی اور نئی دہلی میں ناکام رہا ہے۔ ہمیں پہل ترک کرنے کے بجائے سموگ ٹاور کے ماڈل اور ورکنگ کو بہتر بنانا چاہیے۔لاہور نومبر 2016 سے شدید سموگ کا شکار ہے۔ ہر سال سردیوں میں شہر پگھل کر گھنے سموگ میں تبدیل ہو جاتا ہے جس میں تمام زہریلی گیسیں اور ذرات شامل ہوتے ہیں۔ بعض اوقات، ہوا کی کوالٹی انڈیکس 1200 سے آگے بڑھ جاتا ہے۔ماہرین ماحولیات فوری حل تلاش کرنے کی بجائے مسئلے کا دیرپا حل تجویز کرتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک