انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر مائیکل وان نے انکشاف کیا کہ وہ ایک خطرناک بیماری میں مبتلا تھے۔ مائیکل وان نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ وہ ذہنی دبائو کی وجہ جسمانی پیچیدگیوں کا شکار ہوئے اور اپنی شرٹ کے بٹن اور جوتے کے تسمے تک بھی نہیں باندھ سکتے تھے جب کہ پاکستان کے آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران بیماری کی علامات شدید تر تھیں۔مائیکل وان نے کہا کہ میں مائیکرو فون نہیں اٹھا سکتا تھا، مجھے کمنٹری باکس سے میلبرن کے اسپتال بھیج دیا گیا، واپس انگلینڈ آ کر سی ٹی اسکین کرایا جس سے جسم میں اسٹریس ہارمونز کا پتا چلا، میرے جوڑوں میں شدید درد تھا، میں اگر 80برس کا ہوتا تو خود کو گولی مار نا چاہتا۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جیسے مینٹل ہیلتھ(ذہنی صحت)کی تشخیص کرنا مشکل ہوتا ہے اسی طرح اس بیماری کا بھی جلد پتا نہیں چلتا، آپ کا جسم یہ نہیں کہتا کہ آپ انگلینڈ کے سابق کپتان ہیں تو ہم بیماری کو نہیں آنے دیں گے، بیماری کسی بھی وقت کسی بھی حالت اور کسی کو بھی ہو سکتی ہے۔مائیکل وان نے مزید کہا کہ کئی مرتبہ میں باہر نہیں نکلتا تھا کیونکہ میں شرمندہ ہوتا تھا جب کہ کار میں بیٹھنا اور نکلنا بہت ہی مشکل تھا، میں نے علاج کرایا ہے لیکن مجھے نہیں علم کہ میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں یا کمزور ہوگیا ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی