سائوتھ ایشین ٹیبل چیمپئن شپ ڈبلز ایونٹ میں سلور اور ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل جیتنے والے طحہ بلال سابق نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن بلال یاسین اور شبنم بلال کے بیٹے ہیں۔والدین کے بعد بیٹے نے بھی سائوتھ ایشیا کی سطح پر میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ۔والدہ شبنم بلال نے آخری مرتبہ 8سال پہلے سائوتھ ایشیا میں میڈل جیتا تھا۔طحہ بلال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ والدین کی طرح میڈل جیتا، مجھے افسوس بھی ہے کہ میں سائوتھ ایشین چیمپئن شپ کے دوران پاکستان کا قومی ترانہ نہیں بجوا سکا۔ انہوں نے کہا کہ میرا اگلا ہدف انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا ہے تاکہ پاکستان کا قومی ترانہ بجے، میرے والدین ہی میرے کوچ ہیں اور ان کی سپورٹ مجھے حاصل ہے۔بلال یاسین دو مرتبہ جبکہ شبنم بلال 7مرتبہ کی نیشنل چیمپئن ہیں، وہ اب بھی قومی سطح کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں، دونوں سائوتھ ایشیا کی سطح پر میڈل بھی پاکستان کے لیے جیت چکے ہیں۔بلال یاسین نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں طحہ بہت جلد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتے گا۔شبنم بلال نے کہا کہ بیٹے نے جب میڈل جیتا تو مجھے اپنے سارے میچز یاد آگئے، اب ہم طحہ کی ٹریننگ کا پلان کر رہے ہیں کہ تاکہ اگلے ایونٹس میں وہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی