ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن پشاور نے 12 اگست سے ایوب ہاکی سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو 12 اگست کو شام 5 بجے ایوب ہاکی سٹیڈیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہدایت اللہ کے مطابق اس کیمپ میں مختلف عمر کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ٹریننگ و کوچنگ کیمپ میں کوچنگ کے فرائض یاسر اسلام اور آصف اسلام انجام دیں گے، یہ کیمپ خیبر پختونخواہ ہاکی ایسوسی ایشن کی ہدایت پر لگایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اگلے مہینے ہونے والی سینئر اور جونیئر چیمپئن شپ کی تیاری کرنا ہے۔ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کو اپنے ہیڈ کوارٹر گراؤنڈز پر کیمپ لگانے کی ہدایت کی ہے تاکہ مختلف عمر کے کھلاڑیوں کو تربیت دی جا سکے اور وہ آئندہ ٹرائلز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔جشن آزادی کے سلسلے میں بھی صوبہ بھر کے تمام اضلاع کی ایسوسی ایشن کو 13 اور 14 اگست کو مقابلے منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مختلف عمر کے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں اور ہاکی ایسوسی ایشن جشن آزادی میں بھرپور حصہ لے سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی