i کھیل

شروع سے یقین تھا کہ میں پاکستان کی طرف سے کھیلوں گا، احسان اللہتازترین

March 18, 2023

ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ کا کہنا ہے کہ میرا شروع سے یقین تھا کہ میں پاکستان کی طرف سے ضرور کھیلوں گا۔ احسان اللہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پاکستان سپرلیگ میں پرفارمنس اچھی ہوئی اور مجھے پاکستان ٹیم میں شامل کر لیا گیا، افغانستان کے خلاف مجھے موقع ملا تو اس سیریز میں بھی پرفارم کروں گا۔ احسان اللہ کہتے ہیں کہ ڈومیسٹک سمیت مجھے جہاں بھی موقع ملا میں نے پرفارم کیا، اب پاکستان کی طرف بھی سے پرفارم کرنیکا عزم ہے۔ پی ایس ایل 8 میں زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں ملتان سلطانز کے بولرز کے درمیان مقابلہ ہے، عباس آفریدی 23 وکٹوں کے ساتھ پہلے جب کہ احسان اللہ 21 وکٹوں کے دوسرے نمبر پر ہیں۔ احسان اللہ کہتے ہیں عباس آفریدی میرا بھائی ہے،کوئی بھی سب سے زیادہ وکٹیں لے مجھے خوشی ہوگی، ہمارا ہدف یہی ہیکہ ہم نے چیمپئن بننا ہے، میں نے فائنل میں پانچ وکٹیں لینی ہیں، میری کوشش ہے کہ میں مین آف دی فائنل بنوں اور عباس آفریدی بھی یہی چاہتا ہے۔

تسلسل کے ساتھ تیز رفتاری کے ساتھ بولنگ کرنے کے بارے میں فاسٹ بولر نے کہا کہ فزیو ٹرینر اور ڈاکٹر سمیت ہماری جو منیجمنٹ ہے وہ میرا بہت خیال رکھتی ہے، میرے تسلسل کے ساتھ ایک ہی رفتار سے بولنگ کرنے کی وجہ یہ ہیکہ منیجمنٹ مجھے اسٹف نہیں ہونے دیتی، منیجمنٹ مجھے انجرڈ نہیں ہو نے دیتی، میری خوراک کا خیال رکھا جاتا ہے۔ احسان اللہ نے کہا کہ میں اپنا سارا کریڈٹ کپتان محمد رضوان،کوچ عبدالرحمان اور حیدر اظہر کو دیتا ہوں، محمد رضوان ڈانٹتے نہیں ہیں،کوئٹہ کے خلاف مجھ سے کیچ بھی ڈراپ ہوگیا تو مجھیکہا کہ فکر نہ کرو آپ کرسکتے ہو، محمد رضوان کی وجہ سے مجھے حوصلہ ملتا ہے۔ احسان اللہ نے اپنے اگلے ہدف کے بارے میں کہا کہ میں اب ورلڈکپ کھیلنے کے لیے پاکستان ٹیم میں اپنا نام پکا کروں گا۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اسپیڈ اور وکٹوں سے اپنی شناخت بنانے والے احسان اللہ کو افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، احسان اللہ پی ایس ایل میں 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی