پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا پر ٹویٹر سپیس پر شائقین کرکٹ کے سوالات کے جوابات دینے پر نوٹس بھیج دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر(ایکس)پر اسپیس سیشنز میں حصہ لینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے نوٹس ارسال کردیا ہے، اس حوالے سے پالیسی بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کو خدشہ ہے کہ پلئیرز ان ٹویٹر سیشنز کے دوران کسی تنازع کا شکار نہ ہوں اور اسی لیے کھلاڑیوں کے ایجنٹس اور مسائل پر بات کرکے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کو اس معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قبل ازیں گزشتہ دنوں ٹی ٹونٹی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور بابراعظم نے ٹوئٹر اسپیس میں شرکت کی تھی جس میں شائقین کرکٹ سوالات کے جوابات بھی دیئے تھے۔بابراعظم سے اسپیس کے دوران ساتھی ٹیسٹ کرکٹر محمد رضوان نے شادی سے متعلق سوال کیا تھا، جس کا جواب سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا تھا جب کہ شاہین نے بھی سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی سے متعلق سوال بھی میڈیا کی زینت بنا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی