آسٹریلیا میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کڑی تنقید کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما سمیت متعدد کھلاڑیو ں نے فارم میں واپسی اور اعتماد بحالی کے لئے رانجی ٹرافی کا رخ کیا لیکن ایک میچ بعد ہی اگلے رائونڈ کے لیے عدم دستیابی ظاہر کردی۔روہت شرما، یشسوی جیسوال، شبھمن گِل اور رشبھ پنت ان چند بڑے ناموں میں سے ہیں جنہوں نے رانجی ٹرافی کے 23 جنوری سے شروع ہونے والے رانڈ میں شرکت کی تھی، تاہم اب وہ مزید کوئی میچ نہیں کھیل رہے۔سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے کھلاڑیوں کی اس حرکت پر تنقید کرتے ہوئے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ ویرات کوہلی رانجی ٹرافی کھیل رہے ہیں لیکن روہت شرما، یشسوی جیسوال یا شریاس ایر جیسے دیگر کھلاڑی حصہ نہیں لے رہے۔ تمام کھلاڑیوں نے رانجی ٹرافی کا میچ کھیل کر حاضری لگائی اور چلے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی نے گزشتہ رائونڈ نہیں کھیلا تھا اس لیے وہ اب کھیل رہے ہیں۔ اس کا کیا مطلب ہے؟۔ ڈومیسٹک کھیلنا کوئی سزا ہے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا سزا نہیں بلکہ فخر ہونا چاہیئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی