انڈین اسکواش ٹیم کے کوچزدلیپ تریپاٹھی اور خاتون کوچ میکھالا کا کہنا ہے بھارت اور پاکستان کے مابین دوستی کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے کھیلوں کے دو طرفہ مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محصف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انڈین اسکواش ٹیم کے کوچزدلیپ تریپاٹھی اور خاتون کوچ میکھا لا کا کہنا تھا کہ بھارت میں موجود پاکستا نی سفارت خانے نے آسانی سے ویزہ دے دیا، ہماری حکومت نے ہمیں بروقت اجازت دے دی تھی تاکہ ہم اس ایونٹ میں شرکت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوگی تو انہیں بتائیں گے کہ پاکستان میں ہمارا بہت اچھا استقبال ہوا، پاکستانی عوام محبت کرنے والے عوام ہیں، اگر مستقبل میں بھارت اور پاکستان کے مابین دوستی کے رشتے مضبوط ہوجائیں تو عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے مواقع مل سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکواش کے کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں اضافہ کرسکتے ہیں، پاکستان کو ہوم آف اسکوا ش کہا جاتا ہے، اسکواش کے کھیل میں پاکستان کا ایک نام تھا لیکن اب مصری کھلاڑی عالمی اسکواش کی درجہ بندی پر راج کررہے ہیں۔خاتون کوچ میکھا لا کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستانی ڈارمے بہت پسند ہیں اور میری خواہش تھی کہ پاکستانی لباس خرید سکوں لیکن مشکل ہے کیونکہ سیکیورٹی کی وجہ سے بازار جا نا مشکل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسلام آباد کی خوبصورتی دیکھنا چاہتے ہیں لیکن سیکیورٹی کے خدشات حائل ہیں، جہانگیرخان اور جا ن شیر خان ہمارے پسندیدہ کھلاڑی ہیں ، ہمیں ان سے ملنے کی خواہش ہے۔بھارتی کوچز کا کہنا تھا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی طرف سے ایشین جونئیرانفرادی اسکواش چیمپین شپ کے لیے شاندار انتطامات کیے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی